27 نومبر 2026 - 15:06
1 | امام خمینی کا انقلاب؛ 'ذہنی دیوتاؤں' کا زوال اور مہدوی عہد کا طلوع

کیا 1979 کا اسلامی انقلاب مشرقِ وسطیٰ کے جغرافیے میں محض ایک سیاسی تبدیلی تھی، یا یہ جدیدیت کی 400 سالہ بالادستی کے خلاف ایک "تاریخی فتح" کا آغاز تھا؟ اس سوال کا جواب ان واقعات پر روشنی ڈالتا ہے جو اسلامی ایران پر مسلط کردہ دو جنگوں کے بعد رونما ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ اگرچہ بہت سے لوگ عصری واقعات کا جائزہ جدید سیاسیات اور عمرانیات کے پیمانوں سے لیتے ہیں، لیکن ایک گہرا تجزیہ عیاں کرتا ہے کہ امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کی قیادت میں چلنے والی تحریک محض ایک نظام کی تبدیلی سے کہیں بڑھ کر تھی؛ یہ انسانی فکری افق میں ایک تبدیلی کی ترجمانی کرتی تھی؛ یعنی "مغربی مرکزیت" (Western subject-centrism - مغرب کو کائنات کا مرکز سمجھنے کے تصور) کے تعطل، سے نکل کر "توحید" اور "مہدوی" تہذیب کے افق کی جانب پیش قدمی۔ یہ ایک ایسا واقعہ تھا جس نے عصری دنیا کی فکری ساخت کو، بنیادی طور پر، بدل کر رکھ دیا۔

ایک مسدود نظام کے اندر دھماکہ: شاہی دور سے توحید کے افق کی جانب منتقلی

جون 1963 سے قبل، ایران کی سیاسی اور سماجی زندگی "بادشاہت" کے تسلیم شدہ دائرہ کار میں محدود تھی۔ یہاں تک کہ "آئینیت کی تحریک" (Constitutional Movement) اور "تیل کی صنعت کو قومیانے کی تحریک" کے دوران بھی، شاہ کی حکمرانی کا بنیادی اصول غیر متنازعہ رہا۔ تاہم، 5 جون 1963ع‍ کا قیام ایک اہم موڑ ـ ایک "تاریخی انفتاح (کشادگی)" ـ ثابت ہؤا، جس نے عوام کی مرضی کو "الہی اقتدار اعلیٰ" (Divine Sovereignty) سے جوڑ کر پورے شاہی نظام کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

یہ گہرا انقطاع "دورِ جاہلیت" میں اسلام کی آمد سے بنیادی مماثلت رکھتا ہے۔ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ) کی بعثت سے قبل، بنو ہاشم اور بنو امیہ کے قبائل ـ اپنے اخلاقی اختلافات کے باوجود ـ ایک مشترکہ اقدار پر نظام کے تحت زندگی گذار رہے تھے؛ لیکن "لا الہ الا اللہ" کے اعلان نے اس سے قبل کے پورے نظام کو بے معنی کر دیا۔"

ڈاکٹر علی شریعتی کی تشریح کے مطابق، ابوسفیان بخوبی سمجھ گیا تھا کہ "توحید" کے پیغام کا بنیادی مطلب یہ ہے: "اے ابوسفیان! اب تیرا کوئی وجود نہیں رہا!" اسی طرح، اسلامی انقلاب نے "طاغوت" (کے جابرانہ نظام اور ناجائز اقتدار) کی بنیادوں ہی کو مسترد کرکے، عالمی استکبار و استعمار کو ایک ایسے ادراکی بحرانِ (Cognitive crisis) میں مبتلا کر دیا، یہاں تک کہ سینئر امریکی اسٹراٹیجسٹ، ہنری کسنجر، کو تسلیم کرنا پڑا اور کہنا پڑا کہ: "ہماری تمام مصیبتوں کا آغاز اسی دن ہؤا جس دن ایران میں [امام] خمینی فاتح ہوئے۔"

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: مرتضی شفقی

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha